70

گوتم گھمبیر کی انتخابی مہم ہم شکل چلانے لگا؟

بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے کرکٹر گوتم گھمبیرگرمی سے بچنے کے لیے انتخابی مہم میں مبینہ طور پر اپنے ہم شکل کااستعمال کرنے لگے جو انہیں خاصا مہنگا پڑ گیا۔ سوشل میڈیا پر کرکٹر کی تصویر وائرل ہونے پر انہیں خاصا تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق دو ماہ قبل سیاست میں آنے والے گوتم گھمبیر لوک سبھا انتخابات میں مشرقی دہلی سے بی جے پی کے امیدوارہیں جن پر مخالف جماعت عام آدمی پارٹی کے رہنما اور نائب وزیراعلیٰ دہلی منیش سسوڈیا نے یہ الزام عائد کیا ہے کہ وہ انتخابی مہم اپنے ڈپلیکیٹ کی مدد سے چلا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پروائرل ہونے والی تصویرمیں دیکھا جاسکتا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران بھارتی کرکٹر خود تو آرام دہ ائر کنڈیشنڈ گاڑی میں بیٹھے ہیں اور ان کا ڈپلیکیٹ باہر کھڑا نعروں کا جواب دے رہا ہے۔ کارکن نے ہم شکل کو گوتم سمجھتے ہوئے ہار بھی پہنا رکھے ہیں۔

منیش سسوڈیا نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ اسٹنٹ ڈبل اور رنر کا فلموں میں تو سن رکھا تھا لیکن کسی انتخابی مہم میں ڈپلیکیٹ پہلی بار دیکھا ہے۔ سسوڈیا کے مطابق گوتم نے گرمی سے بچنے کیلئے اپنے ہم شکل کو گاڑی سے باہر کھڑا کررکھا ہے

سسوڈیا کے مطابق گوتم گھمبیر کیلئے گرمی میں باہر کھڑا ہونے والا شخص کانگریس رہنما گورو اروڑہ ہے۔

عام آدمی پارٹی ہی کی ایک خاتون امیدوار نےاپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ گوتم گھمبیر سے گرمی تو برداشت ہوتی نہیں، الیکشن جیت گئے تو خواتین کی حفاظت کس طرح کرپائیں گے۔

اس حوالے سے دیگر ٹویٹس بھی سامنے آئیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں