12

تاجرایسوسی ایشن دھیرکوٹ نے ایک ہنگامی پرہجوم پریس کانفرنس میں کہاہے کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی آزادکشمیر دھیرکوٹ میں بڑھتے ہوئے مسائل کا سدباب کریں

دھیرکوٹ (تحصیل رپورٹر)
تاجرایسوسی ایشن دھیرکوٹ نے ایک ہنگامی پرہجوم پریس کانفرنس میں کہاہے کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی آزادکشمیر دھیرکوٹ میں بڑھتے ہوئے مسائل کا سدباب کریں، آئے روز وارداتوں سے عوام اور تاجرغیرمحفوظ ہوچکے ہیں، دھیرکوٹ انتظامیہ خود ایک مسئلہ ہے، عوام کا اعتماد ختم ہوچکاہے، موجودہ انتظامیہ کی موجودگی میں دھیرکوٹ کرائم ریٹ میں اضافہ ہواہے، جس کا تدارک کیاجانا ضروری ہے، اسلحہ عام، منشیات عام، طرح طرح کی وارداتیں عام، عوام بے بس و لاچارہوچکے ہیں، دھیرکوٹ کے تاجرعدم تحفظ کا شکارہیں، کسی شکایت کا کوئی ازالہ نہیں، انتظامیہ وقت ٹپاؤ پالیسی پر گامز ن ہے، حالیہ عرصہ میں رونماہونے والے واقعات اور گرد و نواح کے واقعات انتظامیہ کیلئے ایک چیلنج ہیں۔ انتظامیہ یہاں تنازعات اورجوڑ توڑ کررہی ہے۔ بجلی ناپید ہو چکی ہے، طویل لوڈ شیڈنگ نے کاروبارتباہ و بربادکردیئے ہیں، وزیربرقیات دھیرکوٹ میں کھلی کچہری لگائیں، دھیرکوٹ گندگی کی آماجگہ بن چکاہے، چلناپھرنامحال ہوچکاہے، فضائی آلودگی سے بیماریاں جنم لے رہی ہیں، لوگ ناک پکڑ کر گزر رہے ہیں۔ نالیوں کا بجٹ آیا ہے مگر کام نہیں ہو رہا۔ ان خیالات کا اظہار تاجر ایسوسی ایشن کے صدرراجہ رفاقت، دیگر عہدیداران راجہ زاہد خان، راجہ تعظیم، ابرار عباسی،ندیم آزاد، اختر خان، طالب حسین اور دیگر نے کیا۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں تاجروں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیسر کا واقعہ کا ملزم گرفتار نہیں ہو سکا جو ایک تاجر کی بیٹی ہے۔ بازار میں دوکانیں جلائی گئیں، کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ تالے توڑے گئے، انتظامیہ کی عدم دلچسپی سے تحفظات و شکوک جنم لے رہے ہیں۔ ہمیں حق و سچ کی پاداش میں تھانہ میں بندکیاگیا، ہمارا ساونڈ سسٹم اٹھایا گیا کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سڑکوں پر نکلنے کے لیے مجبور کیا جارہا ہے۔ منشیات فروشی عام ہے۔ ایک دوکان کے سامنے شراب کی بوتلیں توڑی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہے۔تاجروں نے سرمایہ لگایا ہوا ہے باعزت روزگار چاہتے ہیں۔ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو تحفظ فراہم کریں۔ اعلیٰ حکام نوٹس لیں اور تاجروں کے مسائل کو پہلی فرصت میں سنا جائے۔ اس موقع پر سابق صدر تاجر ایسوسی ایشن راجہ مختار خان کو مشاورتی کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا گیا کہ یہ ایک تجربہ کار شخص ہیں جن کے تعاون سے مسائل حل کرنے میں سہولت میسر آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں